Urdu Portals Pakistan Breaking News & Urdu Latest News
Just another WordPress site

مشکوک پیکٹ کا ہنگامہ: کورونا ویکسین پلانٹ میں دوبارہ کام شروع کردیا گیا

لندن:(اردو پورٹلز تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2021) برطانیہ میں کورونا ویکسین بنانے والے ایک پلانٹ میں گزشتہ روز مشکوک پیکٹ کی اطلاع پر روکا جانے والا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور وہاں کورونا ویکسین کی پیداوار معمول کے مطابق جاری ہے۔
نارتھ ویلز میں واقع ووکہارٹ (Wockhardt) نامی ادارے کے اس پلانٹ میں برطانوی کمپنی ’’ایسٹرازینیکا‘‘ کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی صنعتی پیداوار جاری ہے۔
گزشتہ روز مشکوک پیکٹ موصول ہونے پر اس پلانٹ میں کام روک دیا گیا تھا اور تمام ملازمین کو پلانٹ سے باہر نکال دیا گیا تھا۔
برطانوی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی کرتے ہوئے یہ پیکٹ اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے اپنے ساتھ لے گئے۔
مشکوک پیکٹ میں سے کیا برآمد ہوا؟ اس بارے میں برطانوی میڈیا اور سیکیورٹی ادارے اب تک خاموش ہیں، جبکہ کسی مقامی یا عالمی دہشت گرد تنظیم نے بھی اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ووکہارٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکوک پیکٹ ملنے کے بعد ویکسین کی پیداوار میں عارضی تعطل ضرور آیا تھا لیکن پلانٹ پر کام کرنے والے عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے بعد کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ سال کووِڈ 19 کی وبا سے متعلق سازشی نظریات پھیلانے میں برطانوی سوشل میڈیا پیش پیش تھا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور فائیو جی ٹیکنالوجی میں تعلق کی افواہ سب سے پہلے برطانیہ میں مقبول ہوئی جس کے نتیجے میں وہاں درجنوں موبائل ٹاورز کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے بھی پوری دنیا میں افواہوں کا زور ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق، تقریباً 25 فیصد برطانوی شہری مختلف وجوہ کی بناء پر کورونا ویکسین لگوانے کے خلاف ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.