Urdu Portals Pakistan Breaking News & Urdu Latest News
Just another WordPress site

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مساجد حملے میں انٹیلی جنس ناکامی پر معافی مانگ لی

کرائسٹ چرچ:(اردو پورٹلز تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2020) نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے کی 800 صفحات پر مشتمل تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حملہ آور نے کئی چیزیں یوٹیوب سے سیکھیں جب کہ ملک میں اسلامی انتہا پسندی پر تو نظر رکھی گئی لیکن انٹیلی جنس اداروں نے دائیں بازو کی انتہا پسندی کو نظر انداز کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مارچ 2019 کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں 51 نمازیوں کی شہادت کے واقعے سے متعلق تفتیشی رپورٹ رائل کميشن نے جاری کردی ہے۔
رپورٹ میں انٹیلی جنس کی کوتاہی کو تسلیم کیا گیا ہے اور دہشت گرد کے یوٹیوب سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ اسلحہ جاری کرنے کے نظام کے نقائص کی بھی نشاہدی کی گئی ہے۔
رپورٹ ميں اس بات کو بھی تسلیم کیا گيا ہے کہ انٹيلي جنس اداروں نے اسلامی شدت پسندی پر تو کافی توجہ دی مگر دائيں بازو کی انتہا پسندی پر دھيان نہ ديا جس کی وجہ سے حملے کی پیشگی اطلاع نہیں مل سکی۔ انٹیلی جنس کی اس ناکامی پر وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے معافی مانگ لی۔newzeland mosque attack victims
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ دہشت گرد ٹیرینٹ نے کئی چیزیں یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر سیکھیں جس پر وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے یوٹیوب انتظامیہ سے بات کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے
نیوزی لینڈ میں اسلحہ خریدنے کے لیے دو مقامی افراد کی ضمانت درکار ہوتی ہے جس کے لیے دہشت گرد ٹیرینٹ نے ویڈیو گیم کھیلنے والے ساتھی اور اس کے والد کو استعمال کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے اسلحہ لائسنس دیتے وقت صرف 2 ریفریز کی بات پر اعتبار کرنے بجائے اس پر بھی غور کیا جانا چاہیئے کہ یہ دونوں درخواست گزار کو کس حد تک جانتے ہوں گے۔
رپورٹ میں ایک ایسی خفیہ سیکیورٹی ایجنسی کے قیام کی سفارش کی گئی جو مذہب، زبان، قوم اور رنگ کی بنیاد پر نفرت کے پرچاریوں پر نظر رکھے، اسی طرح پولیس کو نفرت کی بنیاد پر جرائم کی نشاندہی کرنے اور ان پر مؤثر ردِ عمل دینے کی تربیت کی تجویز بھی دی ہے۔
سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نسلی برادریوں کی وزارت کے قیام کے علاوہ ان برادریوں کے لیے گریجویٹ پروگرام بھی متعارف کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ کو دو مساجد پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 51 نمازیوں کو شہید کرنے کے جرم میں عمر قید سزا سنائی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.